تحصیلدار آفس میں گھپلے،کروڑوں وصول کرکے خزانے میں جمع نہ کروانے کا انکشاف
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی سیکرٹری ٹیکسز IIبورڈ آف ریونیو پنجاب کی جانب سے تحصیلدار سرگودھا کے آفس کی انسپکشن اور۔
آڈٹ کے دورا ن موٹیشن فیس کی مد میں ہونیوالی بے قاعدگیوں کی نشاندہی اور ریکوری کے باوجود عملدرآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سرگودھا کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ، ذرائع کے مطابق تحصیلدار سرگودھا آفس کے آڈٹ و انسپکشن کے دوران 4کروڑ99لاکھ 90ہزار 815روپے کی موٹیشن فیس ریکارڈ میں کم وصول پائی گئی جس پر قبل ازیں فیلڈ عملے کو نوٹسز بھی جاری کئے گئے تاہم معاملہ زیادہ گھمبیر ہونے پر سابق تحصیلدار نے اپنا تبادلہ کروا لیا جس پر محض 11.70فیصد بقایا جات وصول کئے جاسکے جبکہ موٹیشن فیس کی مد میں 4کروڑ41لاکھ 39ہزار 37روپے کے بقایا جات کی وصولی تاحال التواء کا شکار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹیشن فیسیں متعلقہ عملے نے ریکارڈ کے مطابق وصول کیں مگر قومی خزانے میں جمع نہیں کروائیں، اس ضمن میں سابق کمشنر و ڈپٹی کمشنر نے معاملہ کا نوٹس لیا مگر اثر و رسوخ کی وجہ سے وہ بھی خاموش ہو گئے جبکہ ڈپٹی سیکرٹری ٹیکسز نے موجودہ ڈپٹی کمشنر کو اس ضمن میں فوری اقدامات اٹھا کر تحصیلدار و دیگر عملے سے ایک ایک پائی وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کروانے اور عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں سخت کاروائی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔