بریسٹ کینسر :بھکر میں آگاہی و مفت سکریننگ مہم کا آغاز
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر )خواتین میں پایا جانے والا مہلک مرض بریسٹ کینسر کے حوالہ سے آگاہی و مفت سکریننگ مہم کا ضلع بھکر میں باقاعدہ طور پر آغاز کردیا گیا ہے۔
جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن خان اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر ندیم رضا ملک کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو ہیلتھ افسران کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ بریسٹ کینسر ویک میں خواتین کو بریسٹ کینسر کے حوالہ سے آگاہی اور مفت سکریننگ فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عورتوں کو ہونے والے کینسر میں اب بریسٹ کینسر سرفہرست ہے یہ مرض عام طور پر 50سے 60 برس کی عمر کی خواتین میں پایا جاتا ہے لیکن اب کم عمر خواتین بھی اس بیماری میں مبتلا ہورہی ہیں بریسٹ کینسر کی مریض خواتین نہ صرف پسماندہ اور ترقی پزیر ممالک میں پائی جاتی ہیں بلکہ ترقی یافتہ ممالک کی خواتین بھی اس موذی مرض کا شکار ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہرین کیمطابق بریسٹ کینسر کے چار مختلف مراحل ہیں پہلے دونوں مراحل میں بڑی حد تک مرض قابل علاج ہوتا ہے تاہم تیسرے اور چوتھے مرحلے پر یہ بیماری خاصی پیچیدہ شکل اختیار کرلیتی ہے لہذا بروقت تشخیص سے خواتین اس مہلک مرض سے خود کو محفوظ بناسکتی ہیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی قیادت میں ایک خصوصی آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا ۔