رکشوں کی بھر مار ، بے ہنگم ٹریفک ، اندرون بازاروں میں داخلہ بند کرنیکی تجویز ، اہم فیصلے
سرگودھا(نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے سٹی ایریاز میں رکشوں کی بھر مار کے باعث بے ہنگم ٹریفک کے بڑھنے کے حوالے سے ایک اجلاس اپنے دفتر طلب کیا ۔
اجلاس میں اے ڈی سی جی عمر فاروق ، ڈی ایس پی ٹریفک یوسف چیمہ ، اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان تارڑ ، سی او ایم سی زویا بلوچ اور ٹریفک انسپکٹر محمد سعید نے شرکت کی ۔اجلاس میں اندرون بازاروں کو زیر وریڑھی اور رکشہ بنانے کیلئے کئی تجاویز پر غور کیاگیا او راس ضمن میں کئی اہم فیصلے کئے گئے جن کے مطابق ایم سی کے بعض منظور شدہ رکشہ اسٹینڈز کو ختم کر کے متبادل جگہ پر منتقل کرنے کے علاوہ مختلف روٹس پر چلنے والے مستقل رکشوں کو کلر اسکیم دینے کی تجویز پر بھی غور کیاگیا ۔ اجلاس میں اندرون بازاروں اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے ایم سی کی جانب سے اسٹینڈ بنا کر پرچی وصول کرنے کے اقدام کو بھی ختم کرنے کے علاوہ روٹ پرمٹ نہ رکھنے والے چنگ چی رکشوں کے خلاف ٹریفک پولیس کو بھر پور کارروائی کرنے پر اتفاق پایاگیا ۔ اجلاس میں کچہری بازار ، اردوبازار ، فیصل بازار اور شربت چوک سے ریڑھیوں کو ختم کر کے متبادل جگہ منتقل کرنے کیلئے تجاویز تیار کرنے پر اتفاق پایاگیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ خوشاب روڈ کو ماڈل سڑک بنانے کے علاوہ شہر کی دیگر سڑکوں کو بھی ماڈل بنایاجائیگا۔دوسری طرف شہریوں نے ان تجاویز اور فیصلو ں کا خیر مقدم کرتے ہوئے انتظامیہ سے جلد ازجلد ایکشن کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ٹریفک کے مسائل حل ہوسکیں ۔