ڈبل ادائیگیوں کی شکایت ، سکیموں کی سیکٹر وائز انسپکشن کا فیصلہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سابق دور حکومت میں گلوبل سسٹین ایبل پروگرام اور سابق وزیر اعلی ڈائریکٹوز کے تحت بعض تعمیراتی منصوبوں کی مبینہ طور پر دو مرتبہ ادائیگیوں کی شکایات کے پیش نظر 2018سے 2022کے درمیان مکمل ہونیوالی۔۔
تمام سکیموں کی سیکٹر وائز انسپکشن کا فیصلہ،جبکہ متعلقہ اداروں کے سربراہان سے نان ڈپلی کیشن سرٹیفکیٹس بھی مانگ لئے گئے ، ذرائع کے مطابق اس ضمن میں مجموعی طور پر 12سوسے زائد منصوبے ہائی وے ،بلڈنگز،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ،سوئی گیس، واپڈا،لوکل گورنمنٹ کے تحت جاری کروائے گئے تھے سب سے زیادہ منصوبے لوکل گورنمنٹ کو ملے ،مجموعی سکیموں میں سے لگ بھگ 2سو سے زائد نامکمل ہیں، جبکہ مکمل ہونیوالی سکیموں کے ساتھ ساتھ بعض زیر تکمیل سکیموں کی بھی مکمل ادائیگیوں کے شواہد موصول ہوئے اس علاوہ صوبائی حکومت کے علم میں یہ بات بھی آئی ہے کہ بالخصوص لوکل گورنمنٹ اور پی ایچ ای ڈی کے تحت بعض چھوٹی سکیموں کی مبینہ ڈبل ادائیگیاں ہوئی ہیں جن کی مکمل چھان بین کے ساتھ ساتھ تمام سکیموں کی فیزیکل چیکنگ کا فیصلہ کیاگیا ہے اس ضمن میں گزشتہ روز پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے متذکرہ محکموں کے سربراہان سے منصوبوں کے نان ڈپلی کیشن سرٹیفکیٹس فوری طور پر ارسال کرنے کی ہدایت کی اور آگاہ کیا ہے کہ سیکٹر وائز تمام سکیموں کی فیزیکل چیکنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔