کارپوریشن کی پلاننگ،نقشہ برانچ میں رشوت کا بازار گرم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )افسروں کی مبینہ ملی بھگت اور بد انتظامی کے باعث میٹروپولیٹن کارپوریشن سرگودھا کی پلاننگ۔
،نقشہ برانچ میں مبینہ بے قاعدگیوں اور رشوت کی روک تھام نہ ہونے سے سائلین کی ایک بڑی تعداد خوار ہو کر رہ گئی ہے ،ذرائع کے مطابق نقشے پاس کرنے کیلئے مختلف این او سی کا حصول انتہائی مشکل ہو کر رہ گیا ہے ،بلڈنگ افسران و ملازمین نے اپنے اپنے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں، قوائد و ضوابط پورا کرنے والے سائلین بھی ان سے نہیں بچ سکتے اور نہ دینے والوں کی فائلیں مہینوں بے جا اعتراض کے ذریعے لٹکا دی جاتی ہیں،یہی نہیں منظوری کے بعد بھی سائلین کو مصدقہ نقول مبینہ رشوت وصول کرنے تک نہیں دی جاتیں،یہ بھی معلوم ہواہے کہ ریکارڈ افسران اپنے گھروں میں رکھتے ہیں، جبکہ سائلین دفاتر میں خوار ہوتے رہتے ہیں، بالخصوس رجسٹریاں کروانے والے سائلین نقشہ برانچ اور ریکارڑ روم کے درمیان فٹ بال بن کر رہے گئے ہیں ،سائلین کا کہنا ہے کہ نیچے سے لے کر اوپر تک ہر اہلکار کو جب تک خوش نہ کر و،اس وقت تک جائز کام بھی نہیں ہو سکتا، اگر حکام بالا کوشکایت کرو تو معاملات الجھا کر پیش کر کے غلط رہنمائی کی جاتی ہے ،جس سے انتہائی اذیت کا شکار ہیں انہوں نے کمشنر سرگودھا سے فوری نوٹس لے کر اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔