جہانزیب اعوان کی زیر صدارت آرٹس کونسل افسروں کا اجلاس
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے مقامی کلچر کے فروغ اور تفریحی وادبی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کیلئے آرٹس کونسل افسران کو خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
انہوں نے آرٹس کونسل کے سٹیٹ آف آرٹ آڈیٹوریم کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لانے کے علاوہ آرٹ گیلری میں آرٹس کلاسز شروع کرنے کے اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے ۔ یہ احکامات انہوں نے آرٹس کونسل افسران کے ایک انتظامی اجلاس میں جاری کئے ۔ انہوں نے آرٹس کونسل کمپلیکس میں ٹی ہائوس کے قیام اور مقامی کلچرل کو پروان چڑھانے کی منصوبہ بندی کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے آرٹس کونسل کے بورڈ آف مینجمنٹ کو فعال بنانے کے علاوہ کلچرل پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ جامعہ سرگودہا کے شعبہ فائن آرٹ سے مل کر مقامی نوجوانوں کے اندر چھپے ٹیلنٹ کو ابھارنے کی منصوبہ بندی کر کے عملی اقدامات کئے جائیں ۔ کمشنر نے آڈیٹوریم سمیت آرٹس کونسل کی دیگر فسیلٹی کو قابل استعمال بنانے کا بزنس ماڈل تشکیل دینے کی بھی ضرورت پر زور دیا ۔ جہانزیب اعوان نے آرٹس کونسل افسران کو مقامی فنکاروں کی مشاورت سے تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کسی بھی فنکار کی عزت نفس مجروع نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی کسی کی حق تلفی برداشت نہیں کی جائیگی ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آرٹس کونسل اسد احمد نے اپنے ادارے کی انجام دی جانے والی ادبی ، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کے علاوہ آئندہ کی منصوبہ بندی آرٹس سپورٹ فنڈز ، انتظامی امور اور مالی تفصیلات سے آگاہ کیا۔