بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگی کیلئے 10کیمپ:رضیہ یاسمین
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )ڈپٹی ڈائریکٹر بی آئی ایس پی سرگودھا رضیہ یاسمین نے کہا کہ مستحقین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ سرگودھا میں دس کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں تقریباً 70 ریٹیلرز کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ضلع کی سات تحصیلوں میں کل 164163 رجسٹرڈ مستفیدین میں سے 83,699مستحق خواتین نے اپنی ادائیگیاں وصول کی ہیں جو کہ اب تک کے ہدف کا 50.9 فیصد ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر بی آئی ایس پی رضیہ یاسمین نے بتایا کہ تحصیل سرگودھا میں 71,500 میں سے 28,608 مستحق خواتین نے اپنی قسطیں وصول کیں، تحصیل بھلوال میں 14,789 میں سے 11,046 مستحقین نے ادائیگی حاصل کی۔ سلانوالی میں 16,924 خواتین 5805نے رقم حاصل کر لی، ساہیوال میں 13,426 میں سے 11,797 مستحق خواتین نے سہ ماہی ادائیگی حاصل کی، تحصیل شاہ پور میں 16,613 رجسٹرڈ مستحقین میں سے 9,169 جبکہ کوٹمومن میں 22,244 رجسٹرڈ مستحقین میں سے 11,653 مستحق خواتین نے ادائیگی وصول کی۔