سیوریج لائن کی مرمت ، تبدیلی کا کام شروع : متاثرہ علاقے میں تعلیمی ادارے بند

سیوریج    لائن    کی   مرمت    ،    تبدیلی   کا   کام    شروع    :    متاثرہ   علاقے    میں    تعلیمی   ادارے    بند

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) نہر لوئر جہلم کے نیچے ٹوٹے 6فٹ قطر پائپ کی مرمت کے لیے جائے وقوع کے اطراف رِنگ کی تعمیر کا آپریشن رات گئے کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔

سیور یج لائن کی مرمت و تبدیلی کا کام بھی شروع کر دیا گیا جو رات گئے تک جاری رہاشہری آبادیوں میں نہری پانی کی آمد رکنے کے بعد بحالی آپریشن بھی بھرپور انداز میں جاری ہے ۔ نشیبی آبادیوں سے سکر مشینوں اورڈی واٹرنگ سیٹ کے زریعے پانی کے اخراج کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ اس بڑے آپریشن کے لیے دیگر تحصیلوں اور واسا فیصل آباد سے بھی سکر مشین طلب گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں فیلڈ ہسپتال اور سوزوکی بولان کلینک بھی لگائے گئے ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ آبادیوں سے کیمپ سائٹ نہ آنے والی فیملز کو کھانا بھی گھروں پر پہنچایا جا رہا ہے ۔ متاثرہ علاقوں میں پیر کے روز سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہے ۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اپنی انتظامی ٹیم کے ہمراہ خود فیلڈ میں متحرک رہے اور ریسکیو و بحالی آپریشن کی براہ راست مانیٹرنگ کی۔ حمید ٹاؤن اور صحافی کالونی سے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا آپریشن رات کے اوقات میں بھی جاری رہا۔ اے ڈی سی آر فہد محمود اور اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان تارڑ ریسکیو کی کشتیوں کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں موجود رہیں اور اپنی نگرانی میں متاثرین کو کیمپ سائٹ پر منتقل کروایا۔ خوشاب روڈ نہر پل پر قائم شادی ہال میں ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے ۔ اسی طرح ہلال احمرہسپتال میں بھی خیمہ بستی بسائی گئی ہے جہاں کھانے پینے و رہائش کا وافر انتظام کیاگیا اور اس امور کو بخوبی انجام دینے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان تارڑ اور سیکرٹری آر ٹی اے ملک محمد طاہر فوکل پرسن مقرر کیے گئے ۔ متاثرہ علاقوں کی فیملیز کو آنے جانے کے لیے ٹرانسپورٹ بھی فرا ہم کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں