غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف کریک ڈاؤن ٹھپ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کے احکامات پر عملدرآمد متعلقہ محکموں کے مابین کوارڈی نیشن کے فقدان اور۔
کھینچا تانی کے باعث ٹھپ ہو کر رہ گیا، جبکہ پابندی کے باوجود غیر قانونی قرار دی گئی رہائشی کالونیوں کی تشہیری مہم جاری، ذرائع کے مطابق سرگودھا کی سو سے زائد غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور انہیں ریگولرائزڈ کرنے کیلئے کمشنر سرگودھا نے افسران کے اجلاس میں بھرپور کاروائی کا اعلان کیا تھا، جس پر میٹروپولیٹن کارپوریشن، ضلع کونسل ، سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر میونسپل کمیٹیوں کے مابین باہمی رابطے اور حکمت عملی طے نہ ہونے ، ایک دوسرے پر ذمہ داریاں عائد کرنے کی وجہ سے یہ اعلان تاحال عملدرآمد کا منتظر ہے ،اور افسران نے بھی اب چپ سادھ لی ہے ،دوسری جانب اس صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑی ہاؤسنگ سکیموں کے بااثر مالکان جو کہ ہمہ وقت انتظامی افسران کے ارگر د گرد رہتے ہیں نے نہ صرف پلاٹوں کی خریدوفروخت شروع کر دی ہے بلکہ مختلف شاہراؤں پر ہورڈنگ بورڈز لگوانے کے ساتھ ساتھ کیبل پر پر کشش اشتہارات کے ذریعے سادہ لوح عوام کو لوٹنے کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر جاری و ساری ہے ،ایسی نجی ہاوسنگ سکیمیں جنہیں انتظامیہ نے قوائد و ضوابط پورے نہ ہونے پر غیر قانونی قرار دے کر ان کے کھیوٹ بلاک کروا رکھے ہیں کے مالکان کی جانب سے انتظامیہ کے بعض افسران کی مبینہ ملی بھگت اور آشیر باد سے اسٹام پیپروں پر معاہدہ جات کے ذریعے پلاٹوں کی فروخت شروع کر دی ہے ،ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بعض غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان نے حکومتی فلاحی پروگراموں ،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے منصوبوں میں ڈونیشن دے رکھا ہے جس کے باعث ان کے خلاف کاروائی موجودہ صورتحال میں ناممکن نظر آ رہی ہے ۔