ماحولیاتی آلودگی کنٹرول کرنے کیلئے فورس بنانیکی تیاریاں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)محکمہ ماحولیات کی کارکردگی مؤثر بنانے ،بڑھتی ہوئی آلودگی کو کنٹرول کرنے اور سبب بننے والے قانون شکن افراد کے خلاف کارروائی کیلئے ضلعی پولیس کی طرز پر خصوصی سکواڈ تشکیل دینے کی تیاری کی جارہی ہے اس حوالے سے تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلع سرگودھاسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں قائم فیکٹریاں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں فضائی اور آبی آلودگی کا سبب بن رہی ہیں جو نا صرف انسانوں بلکہ آبی حیات کیلئے بھی خطرے کا باعث ہے ، مانیٹرنگ ادارے صورتحال کو الارمنگ قرار دے چکے ہیں جبکہ بھرپور کوششوں کے باوجود مقررکردہ اہداف کی تکمیل نظر نہیں آ رہی ، اور نہ ہی محکمہ کی کارکردگی بہتر ہو رہی ہے ، جس پر صوبائی حکومت نے تحفظ ماحولیات کے شعبہ کے سٹرکچر میں تبدیلی کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ ورک کو مستحکم کرنے اور مستقل حکمت عملی کے طور پر مختلف تجاویزپر غور کیا جا رہا ہے ان میں ضلعی پولیس کی طرز پر خصوصی سکوا ڈ کی تشکیل بھی شامل ہے ، ضلعی ہیڈکوارٹر تحصیل میں دو انسپکٹرز جبکہ دیگر تحصیلوں میں کانسٹیبلز تعینات کیے جائیں گے ، جو لاء اینڈ انفورسمنٹ کی پابندی کے مجاز ہونگے اور اس سے ماحول دوست عوامل کو پنپنے اور آلودگی کا باعث بننے والے افراد کا قلع قمع کیا جا سکے گا۔