انڈسٹریل ایکسپو کا 9نومبر کو آغاز،130کمپنیاں شریک ہونگی

 انڈسٹریل ایکسپو کا 9نومبر کو آغاز،130کمپنیاں شریک ہونگی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) یونیورسٹی آف سرگودھا اور ایورسٹ انٹرنیشنل کے زیرِاہتمام پاکستان انڈسٹریل ایکسپو کے آٹھویں ایڈیشن کا آغاز9 نومبر 2024 سے لاہور ایکسپو سینٹر میں ہوگا ۔

جو تین روز تک جاری رہے گا جبکہ ایکسپو میں انڈسٹری سے وابستہ 130سے زائد قومی و بین الاقوامی کمپنیاں شرکت کریں گے ۔ اس نمائش میں مختلف جدید صنعتی مشینری اور آئیڈیاز کو فروغ دیا جائے گا جن میں سی این سی مشینری، مکینیکل آلات، صنعتی اجزاء، آٹوموٹو و موٹر سائیکل پارٹس اور ایکسیسریز، ہارڈویئر ٹولز، تعمیرات و سجاوٹ، قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبے شامل ہیں۔ اس نمائش میں سی این سی کے شعبے کی اہم چینی کمپنیاں بھی حصہ لیں گی، جو اپنی جدید ترین مشینری اور ٹیکنالوجیز پیش کریں گی۔ پاکستان انڈسٹریل ایکسپو کے آٹھویں ایڈیشن سے متعلق منعقدہ پریس بریفنگ کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا تعلیم کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ملکی اقتصادی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے ، پاکستان انڈسٹریل ایکسپو کے لیے شراکت داری بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انڈسٹریل ایکسپو میں بھرپور شرکت کرے گی اور ادارے کی پروڈکٹس کو نمائش کا حصہ بنائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں