سموگ کے باعث بھٹے بند، مالکان کی موجیں، 1000 اینٹ 4 ہزار روپے مہنگی فروخت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سموگ کے باعث بھٹے بند ہونے سے اینٹوں کی فروخت من مانے ریٹوں پر جاری، بتایا جاتا ہے کہ حالیہ سموگ کے باعث تمام بھٹوں کو بند کر دیا گیا۔۔۔
جس کے باعث بھٹہ خشت مالکان نے اول اینٹ 12 ہزار رویے والی 16 ہزار ، دوئم 8 ہزار والی 12 ہزار تک فروخت کرنے کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے ، جس کے باعث تعمیراتی کام کروانے والے شہریوں کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، جبکہ بھٹہ خشت مالکان موقع کا فائدہ اٹھانے کیلئے گزشتہ ادوار کی طرح سموگ شروع ہونے سے پہلے ہی بڑی تعداد میں اینٹوں کو پکا کر محفوظ کر لیتے ہیں اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے ساتھ ہی من مانے ریٹس پر فروخت کر کے بھاری منافع کمانے کیلئے کمر کس لیتے ہیں، تعمیراتی کمپنیوں اور گھر تعمیر کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ سموگ شروع ہونے سے پہلے انتظامیہ کو ایسے محرکات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنا چاہئیں تا کہ تعمیراتی کام کی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔