آئین ہر فرد کو اختلاف رائے ‘احتجاج کا حق دیتا ہے ‘ضیا اﷲ
جوہرآباد(نمائندہ دُنیا )جماعت اسلامی ضلع خوشاب کے راہنما ڈاکٹر ضیا اﷲ نے کہا ہے کہ آئین پاکستان قوم کے ہر فرد کو اختلاف رائے اور احتجاج کا حق دیتا ہے ۔
عوام سے احتجاج کا حق چھیننا جمہوری روایات کی سنگین خلاف ورزی ہے ، کوئی بھی با ضمیر شہری وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں احتجاج کو روکنے کیلئے اٹھائے جانیوالے حکومتی اقدامات کا حامی نہیں ، حکمران اتحاد کو اپنے سیاسی رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی ، جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر جوہر آباد میں پارٹی کارکنوں کے وفد سے بات چیت کے دوران ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اپنے دیرینہ مطالبہ پر کھڑی ہے اور چاہتی ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنا کر فارم 45کی بنیاد پر عوام کی اصل منتخب کردہ حکومت لائی جائے ، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ، 26ویں آئینی ترمیم کالعدم قرار دی جائے ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی تابعداری کی بجائے عوام کو بجلی، پٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے ریلیف دے ۔ انھوں نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدوں سے ہونے والے فائدہ کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے استعمال کیا جائے ۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔