گداگری کروانے والے بچوں کی معصومیت بیچنے لگے
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)گداگری کروانے کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد بچوں کی معصومیت بیچنے لگے ۔
پولیس اور دیگر اداروں کو جھانسہ دینے کیلئے ننھے ہاتھوں میں فروخت کے لیے مختلف اشیا تھما دیں جبکہ بھیک مانگنے کے لیے مخصوص الفاظ بھی یاد کروا دیئے گئے ۔فیصل آباد میں گداگری کا دھندہ کروانے والوں نے ننھے بچوں کو اپنا آلہ کار بنا لیا ہے ۔ غریب گھروں سے 4 سے 10 سال تک کے بچوں کو دیہاڑی پر بلایا جاتا ہے جنہیں کتابیں، ٹشو پیپر، پینسل اور کھانے پینے کی دیگر اشیاتھما کر چوکوں چوراہوں، شاپنگ مارٹس اور فوڈ پوائنٹس پر شام ڈھلنے کے بعد پہنچا دیا جاتا ہے ۔ بچوں کو بھیک مانگنے کے لیے جذباتی الفاظ پر مبنی تحریر کا رٹا بھی لگوایا جاتا ہے اور مسلسل پیسوں کا مطالبہ کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد کو متعلقہ اداروں اور سیاسی افراد کی پشت پناہی بھی حاصل ہے جو پکڑے جانے پر سفارش کے ذریعے رہائی پا کر بعد دوبارہ وہی سلسلہ شروع کرلیتے ہیں۔ گزشتہ روز بھی تھانہ سول لائن کے علاقہ میں فن لیڈ کے باہر سے چائلڈ پروٹیکشن افسر غیور حسین پاشا نے دو بچوں کو تحویل میں لیا۔ 8 سالہ وقاص اور شہروز نے بتایا کہ ملزم گلزار اور علی رضا نے انہیں فروخت کرنے کے لیے مختلف اشیا لیکر دیں۔ پولیس نے بچوں کا بیان سامنے آنے کے بعد دونوں ملز موں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔