محکمہ لائیو سٹاک ، سلاٹر ہائوسز میں گھپلے ، گندگی کے ڈھیر اور خون ، نجی مذبحہ خانے قائم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حساس ادارے نے ڈویژنل ہیڈکوارٹر سرگود ھااورسلانوالی، ساہی وال،شاہ پور سمیت دیگر تحصیلوں میں محکمہ لائیو سٹاک ۔۔
سلاٹر ہاؤسز میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں اور مسائل کی نشاندہی کے حوالے سے ڈویژنل و ضلعی ایڈمنسٹریشن کو رپورٹ ارسال کر دی جس میں کہا گیاکہ معلوم ہوا کہ مختلف علاقوں میں لوگوں نے نجی سلاٹر ہاؤسز بنا رکھے ہیں، جبکہ سرکاری سلاٹر ہاؤسز کی حالت زار بار بار حکومتی ہدایات کے باوجود بہتر نہیں بنائی جا رہی ، جہاں تعینات کیٹل اٹینڈنٹ تین، تین گھنٹے تک تاخیر سے وزٹ کرتے ہیں ، اس دوران دیگر ملازمین جانوروں کو چیک کرتے اور مہر یں لگاتے ہیں، مہر لگانے کیلئے ناجائز پیسے الگ سے وصول کرتے ہیں،جانوروں کی صحت یا بیماری وغیرہ کے تعین کا رواج ختم ہے ،اسی طرح سلاٹر ہاؤسز میں جا بجا گندگی اور غلاظت کے ڈھیر ، فضلا جات اور آلائشیں ،خون آلود پانی کی وجہ سے بیماریوں سے پاک صحت مند گوشت کی دستیابی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے ،جبکہ محکمہ کے افسران ڈاکٹر عمران لطیف، ڈاکٹر محمد علی شاہ ، ڈاکٹر محمد ارشدو دیگر نے خوشاب روڈ، قینچی موڑ، فیصل آباد روڈ سمیت مختلف مقامات پر اپنے نجی کلینک بنا رکھے ہیں ،جہاں وہ سرکاری اوقات کار میں بھی موجود ہوتے ہیں،یہ افسران سرکاری وسائل کا نہ صرف ذاتی استعمال کر رہے ہیں ،بلکہ ٹاؤٹس کے ذریعے فارمرز کو ان کے پرائیویٹ کلینکس پر بھجوایا جاتا ہے ،پرائیویٹ طور پر مہنگے داموں علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ صرف ویکسی نیشن کے تین سے چار ہزار روپے وصول کئے جا تے ہیں۔