مخالفین کی سازش ناکام ، ترقی کاخواب پورا کرینگے :ارشد محمود
جوہرآباد(نمائندہ دُنیا)مسلم لیگ(ن) لائرز فورم ضلع خوشاب کے صدر چودھری ارشد محمود ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بحرانوں میں گھرے ہوئے پاکستان کو معاشی استحکام کے ذریعے دنیا کے خوشحال اور باوقار ممالک کی صف میں کھڑا کرنا مسلم لیگ(ن) کی پہلی ترجیح ہے۔۔۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے منصب کے تقاضوں کے مطابق اسی وژن کے تحت ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے سرگرم عمل ہیں انشا اﷲ مخالفین کی سازش ناکام بنا کر قوم کی ترقی و خوشحالی کا خواب پورا کریں گے ، مسلم لیگ(ن) کے ضلعی سیکرٹریٹ جوہر آباد میں وکلا کے وفد سے بات چیت کے دوران انہوں نے انتشاری سیاست کوپاکستان میں معاشی عدم استحکام کی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا وہ مفاد پرست سیاستدان جنہوں نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا کسی رو رعائت کے مستحق نہیں ، ہماری جماعت انشا اﷲ جھوٹ اور فریب کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کیلے دفن کر دے گی ، قومی مجرموں کیلئے کوئی معافی نہیں، ہماری حکومت اس ضمن میں کسی بھی اندرونی یا بیرونی طاقت کے دباؤ کو خاطرمیں نہیں لائیگی، پاکستانی قوم اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے حکومت کی پشت پر ہیں اب کسی کو بھی جمہوریت کو ڈی ریل کرنے اور اور ملک وقوم کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں ملے گی ۔