سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر مسائل حل کرنا ہونگے :ملک شفقت
سرگودھا(دنیا فورم) پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ملک شفقت اعوان ایڈووکیٹ نے دنیا فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کیساتھ مذاکرات کا سلسلہ خوش آئند ہے۔۔۔
سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر مسائل حل کرنا ہونگے ،8 روز قبل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، وہ پہلے سے زیادہ پر امید اور صحت مند نظر آ رہے تھے ، پہلے سے زیادہ مضبوط تھے ، لیکن انکو اپنے ورکرز کے قتل اور زخمی ہونے کی بہت تشویش تھی، پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ ملکی مفاد کو ترجیح دی ہے یہی وجہ ہے کہ آج ملکی مفاد میں مذاکرات کئے جارہے ہیں، تشدد کی سیاست پر ہم یقین نہیں رکھتے ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ 9مئی اور 26نومبر کے واقعات کی غیر جانبدارانہ جوڈیشل انکوائری کروائی جائے اور ان مقامات پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی جائے تاکہ حق و سچ واضح ہوسکے یکطرفہ الزام درست نہیں ہے ہم نے ہمیشہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کرتے رہیں گے ، جو لوگ تشدد کی سیاست کے حامی ہیں ہمارا ان سے کوئی لینا دینا نہیں ہمارا حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر تمام کارکنوں کو رہا کیا جائے اور جو لوگ کسی قسم کے تشدد میں ملوث ہیں ہم ان کے پہلے بھی خلاف تھے اور اب بھی ہیں، ملٹری ٹرائل کے حوالہ سے تمام قانونی آپشنز کو استعمال کیا جائے گا بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا دینے کا منصوبہ عالمی سطح پر بھی زیر بحث ہے ، ملین پاؤنڈز کیس بے بنیاد اور سیاسی انتقام ہے ، اور حکومتی لوگ مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، مذاکرات این آر او کیلئے نہیں بلکہ بے گناہ قید رہنماؤں کی رہائی کیلئے ہے ، اور ملکی مفاد میں ایسے کرپٹ لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کرنا پڑ رہے ہیں۔