70شمالی میں نکاسی آب، سڑکوں و گلیوں کی حالت خراب

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)پسماندہ علاقے 70شمالی میں نکاسی آب، سڑکوں و گلیوں کی مخدوش صورتحال کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث لوگ انتہائی اذیت کا شکار ہو کر جینے پر مجبور ہیں۔۔۔
ملک اقبال، جاوید سرور، ناصر، فیصل خان، فرمان دھول، کاکا کمبوہ، خان ممتاز، توقیر، احمد خان، شہباز اور علی شاہ و دیگر اہل علاقہ کی جانب سے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر سے تحریری طور پر رجوع کرتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ انتظامیہ اور سیاسی نمائندوں کی عدم توجہی نے اس علاقے کو مسائل کی آماجگاہ بنا کر رکھ دیا ہے ، غیر پختہ گلیوں،سیوریج سسٹم اور صحت و صفائی کی ابتر صورتحال کے باعث علاقہ ہیپا ٹائٹس، ملیریا، ٹائیفائیڈودیگر بیماریاں عام ہیں، بلکہ اب تو صورتحال باعث تشویش بننے لگی ہے ، اس سلسلہ میں تحصیل و ضلع اور ڈویژنل یہاں تک کے صوبائی حکام تک سے رجوع کر چکے ہیں مگر کسی طرف شنوائی نہیں ہو رہی ،جس پر ڈپٹی کمشنر نے سی او کارپوریشن سے رپورٹ طلب کر لی اور صورتحال کے فوری تدارک کی ہدایت بھی جاری کی ہے ۔