رمضان پیکیج:راشن کے بجائے 10ہزارفی خاندان دینے کا فیصلہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول وکموڈٹی مینجمنٹ سلمیٰ بٹ نے کہا ہے ۔
کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی تمام تر توجہ رمضان المبارک میں مستحق خاندانون کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے ۔امسال رمضان پیکیج میں راشن دینے کی بجائے 10ہزار روپے فی خاندان پے آرڈرز کے ذریعے گھروں تک پہنچانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ ماہ مقدس میں مرد وخواتین کو بینکوں پر لائنوں میں لگانے کی بجائے باعزت طریقہ سے گھروں میں کیش کی صورت میں رمضان پیکج پہنچایا جائیگا۔ رمضان المبارک میں صارفین کو رعایتی نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ماڈل بازاروں کورمضان بازاروں میں منتقل کیا جائیگا جہاں حکومت آڑھتیوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنی مصنوعات براہ راست لاکر ہول سیل ریٹ پر فروخت کریں۔ حکومت رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ اورکوالٹی کے علاوہ مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فروخت یقینی بنائے گی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ سرگودہا کے دوران ڈپٹی کمشنر دفتر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں کیا۔