فضلہ تلف نہ کرنیوالے ہسپتالوں کیخلاف کارروائی کا حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے چاروں ڈپٹی کمشنروں کو نجی ہسپتالوں کے فضلہ کی محفوظ انداز میں تلفی کے لیے پرائیویٹ سیکٹر میں انسیلیٹرز لگانے کے اقدامات اور۔
سرکاری ہسپتالوں کے فضلہ کی تلفی کے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروانے کا ٹاسک سونپ دیاانہوں نے ہاسپٹل کے ویسٹ تلفی کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والے نجی ہسپتالوں کو نوٹسز جا ری کرنے کے بعد ضابطہ کی کاروائی کا حکم بھی دیا ہے ۔ یہ احکامات انہوں نے ڈویژنل ہاسپٹلز ویسٹ سپروائزری کمیٹی کے اجلاس میں جاری کیے ۔ کمشنر نے چاروں اضلاع میں قائم ہاسپٹل ویسٹ سپروائزری کمیٹیوں کو فعال بنانے کے ساتھ نجی ہسپتالوں میں کام کرنے والے عملہ کی ٹریننگ کروانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے انفیکشن اور نان انفیکشن مٹیریل کو محفوظ طریقہ سے ٹھکانے لگانے کے لیے طے شدہ ایس او پیز پر پوری شدت سے عمل درآمد کیا جائے ۔ کمشنر نے تمام متعلقہ افسران کو نجی کمپنیوں کی جانب سے پرائیویٹ ہسپتالوں سے فضلہ اٹھا کر محفوظ طریقہ سے تلف کرنے کے تمام آمور کی سختی سے نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل ویسٹ کے انسانی صحت اور ماحول پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اجلاس میں شریک پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر سکندر حیات نے نجی ہسپتالوں کے ویسٹ ڈسپوزل بارے آگاہ کرنے کے علاوہ ضلع کی سطح پر انسیلیٹرز لگانے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔