کروڑوں روپے سے تیار نئی واٹر سکیم میں نقائص

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) محکمہ پبلک ہیلتھ کی جانب کروڑوں روپے کی لاگت سے بننے والی واٹر سپلائی سکیم میں چالو ہونے سے قبل نقائص سامنے آنے لگے جس وجہ سے میونسپل کارپوریشن سرگودھا یہ سکیم اپنے ہینڈ اوور لینے سے گریزاں ہے۔۔۔
بلدیہ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز جب موقعہ پر جا کر چیکنگ کی تو متعدد نقائص چند سیکنڈ کے لئے موٹر چلانے سے بعض مقامات پر پائپ لائنیں لیک ہو گئی ہیں جبکہ دیوار کی تعمیر نہ ہوسکی، کنواں بھی لیک اور دیگر نقائص دیکھنے کو ملے جس پر اعلیٰ حکام کو رپورٹ ارسال کردی گئی، ذرائع کے مطابق حکومت نے شہر میں پینے کے پانی کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے کروڑوں روپے کی لاگت سے فیکٹری ایریا واٹر سپلائی سکیم کی منظوری دی جس پر محکمہ پبلک ہیلتھ نے تقریبا تین سال قبل اس منصوبے پر کام شروع کرایا ٹھیکے دار سکیم مکمل کر چکا ہے لیکن یہ سکیم میونسپل کارپوریشن سرگودہا کے ہینڈ اوور نہ ہونے کی وجہ سے سے چالو نہ ہو سکی اس سکیم کے تحت نہر لوئر جہلم کے کناروں پر 22 نئے ٹیوب ویل لگانے کے ساتھ چار واٹرسپلائیوں کو اپ گریڈ جب کہ ایک نئی واٹر سپلائی بنائی گئی ہے جس پر کروڑوں روپے خرچ ہوچکے ہیں منصوبہ تقریبا چھ ماہ قبل مکمل ہونے کے باوجود عوام اس منصوبے سے مستفید نہ ہورہے ہیں ۔