میڈیکل ویسٹ بیچنے کی انکوائری پر مافیااثر انداز

 میڈیکل ویسٹ بیچنے کی انکوائری پر مافیااثر انداز

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)میڈیکل ویسٹ کی غیر قانونی فروخت کا مکروہ اور جان لیوا دھندہ بے نقاب ہونے اور ابتدائی چھان بین کے بعدبااثر مافیا تحقیقات پر اثر انداز ہونے لگا،ذرائع کے مطابق ابتدائی چھان بین میں انکشاف ہوا ہے کہ۔۔۔

کئی جعلی اور نام نہاد کمپنیاں جنہیں مبینہ طور پر محکمہ ماحولیات کی پشت پناہی حاصل ہے ،بھکر ضلع کے ساتھ ساتھ سرگودھا شہر کے بھی درجنوں ہسپتالوں سے میڈیکل ویسٹ اکٹھا کر کے تلفی کے بجائے دیگر اضلاع کے کباڑیوں کو فروخت کر رہی ہیں، جس میں ایسے گروہ بھی شامل ہیں جو کمپنیوں کے نام پر بغیر لائسنس اور بوگس ڈاکومنٹس کے ذریعے ہسپتالوں سے میڈیکل ویسٹ جمع کرتے ہیں ،اس ویسٹ میں استعمال شدہ سرنجیں، خون سے بھرے بیگز، ڈرپس اور دیگر خطرناک اشیاء شامل ہیں، جو ایڈز، ہیپاٹائٹس سمیت دیگر مہلک امراض کے پھیلاؤ کا بڑا ذریعہ بن سکتی ہیں، ماہرین کا کہنا ہے ، کہ اگر اس گھناؤنے دھندے پر فوری اور مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو شہر ایک شدید صحت عامہ کے بحران کا شکار ہو سکتا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں چار کباڑ خانے سیل ہو چکے ہیں تاہم مذکورہ انکشافات کے بعد بااثر افراد کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آنے پر تحقیقات سست روی کا شکار ہورہی ہیں جس کی ایک بڑی وجہ تحفظ ماحولیات کی مبینہ ملی بھگت بھی بتائی جاتی ہے ، جبکہ شہری حلقوں نے کمشنر سرگودھا ملک جہانزیب اعوان، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم سے فوری نوٹس لیتے ہوئے اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث گروہوں اور سہولت کاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں