کمشنر کا زیر تعمیر نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے زیر تعمیر گورنمنٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودہا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران سمیت متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے ۔ کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے آؤٹ ڈور شعبے کا سو فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ان ڈور شعبے کا 73 فیصد کام پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے ۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے اور جلد از جلد عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے ۔انہوں نے ہارٹیکلچر کے کام کو فوری طور پر شروع کرنے پر زور دیا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ گورنمنٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ایک میگا پراجیکٹ ہے جو نہ صرف سرگودہا بلکہ ارد گرد کے اضلاع کے مریضوں کو بھی جدید اور معیاری دل کے علاج کی سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے اس منصوبے کو ہر صورت میں معیاری اور جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ یہ ادارہ جلد عملی شکل اختیار کر کے مریضوں کی خدمت کر سکے ۔