ٹھیکیدار کی عدم دلچسپی ،ستھرا پنجاب پروگرام فلاپ ہو گیا
سلانوالی(نمائندہ دنیا) حکومت پنجاب کی جانب سے کروڑوں روپے ماہانہ کی فراہمی کے باوجود صاف ستھرا پنجاب پروگرام کنٹریکٹر کی عدم دلچسپی کے باعث فلاپ ہو گیا۔۔۔
شہر کے گلی محلوں و چوک چوراہوں میں ہر طرف غلاظت کے انبار لگ گئے ، کئی دن تک نہ اٹھائے جانے والے کچرے کے ڈھیروں کے باعث ہر طرف بدبو اور تعفن نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا، دیہی علاقے بھی صاف ستھرا پنجاب پروگرام کے ثمرات سے محروم، دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی فوٹو سیشن تک محدود ہو گئی۔بتایا گیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں 77 سال پرانا فرسودہ صفائی وستھرائی کا نظام بدلنے اور شہروں اور قصباب کو صاف ستھرا بنانے کے لیے ستھرا پنجاب پروگرام شروع کیا اور اس پروگرام کے لیے اربوں روپے کے فنڈ مختص کیے گئے تحصیل سلانوالی میں بھی نظام صفائی کے لیے اربوں روپے کا ٹھیکہ ایک ایسی نجی کمپنی کو دے دیا گیا جو اس کام کا قطعاً تجربہ نہیں رکھتی، مزکورہ کمپنی کو ٹھیکہ دیتے وقت جو ایس او پیز طے ہوئے تھے پانچ ماہ ہونے کو آئے ہیں کہ مذکورہ کمپنی ان ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے میں ناکام ہے ۔ مزکورہ کمپنی کے پاس صفائی کرنے ، بڑے چھوٹے نالوں فضلہ نکالنے ، کچرے کے بڑے بڑے ڈھیروں سے کچرا اٹھا کر شہر کے دور دراز علاقوں میں قائم ڈمپنگ پوائنٹ تک کچرہ منتقل کرنے کے لیے کوئی جدید مشینری موجود نہیں ، سلانوالی کے سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے سلانوالی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ناقص کارکردگی پر فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مزکورہ کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کر کے ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کیا جائے ۔