جغرافیائی سیاسی کشیدگیاں ، تاریخی تلخیوں،غلط فہمیوں کا نتیجہ:ماہرین
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات یونیورسٹی کے زیر اہتمام’’جغرافیائی سیاسی زاویہ سے تنازعات کا تجزیہ اور ان کا حل‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں نیشنل ڈائیلاگ فورم اسلام آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شہریار خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ چیئرمین شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات، پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عدیل عرفان راؤ، دیگر فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ جنوبی ایشیا کو درپیش تنازعات کا پائیدار حل صرف بات چیت اور سیاسی شمولیت میں مضمر ہے ۔انہوں نے مسئلہ بلوچستان اور پاک بھارت تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب تک شفاف رابطے اور جامع مکالمے کو فروغ نہیں دیا جاتا، انتہاپسندی کے رجحانات پر قابو پانا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی کشیدگیاں اکثر تاریخی تلخیوں اور غلط فہمیوں کا نتیجہ ہوتی ہیں، ہمیں نوجوانوں کو امن کی قیادت کے لیے تیار کرنا ہوگا۔پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیاں صرف تعلیم کا نہیں بلکہ فکری و علمی مکالمے کا مرکز ہونی چاہئیں ۔ڈاکٹر عدیل عرفان راؤ نے کہا کہ اصل ضرورت سفارت کاری، بین الاقوامی تعاون اور علاقائی ہم آہنگی کی ہے ۔