5 مرلہ سکیم: سینکڑوں متاثرین 13 سال سے پلاٹس کیلئے دربدر

 5 مرلہ سکیم: سینکڑوں متاثرین 13 سال سے پلاٹس کیلئے دربدر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا کی مختلف تحصیلوں میں پانچ مرلہ سکیم کے سینکڑوں متاثرین گزشتہ 13سالوں سے الاٹمنٹس کے منتظر ہیں اور دفاتر میں شٹل کاک بن کر رہ گئے ہیں۔۔۔

 جبکہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں کی تحقیقات سیاست کی بھینٹ چڑ ھ چکی ہے ، ذرائع کے مطابق 2012میں اس وقت کے وزیر اعلی ٰپنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے غریبوں کو پلاٹس دینے کیلئے سلانوالی،شاہ پور، ساہی وال سمیت دیگر تحصیلوں میں پانچ مرلہ سکیم شروع کی گئی جس کے تحت محکمہ مال کے متعلقہ عملے اور مقامی بااثر افراد نے مبینہ ساز باز کر کے لوگوں کی مختصر تعداد کواحاطہ جات الاٹ کر کے باقی جگہوں پر ناجائز قبضے کر لئے ،اور سینکڑوں افرادسے یہ کہہ کر الاٹمنٹ کی رسیدیں اور اسناد واپس لے لی گئیں کہ متعلقہ جگہوں پر سکیمیں باضابطہ طور پر منظور نہیں ،جس پر متاثرین نے مختلف فورمز پر درخواستیں دیں جن پر عملدرآمد میں متذکرہ بااثر افراد اور محکمہ مال کے ملازمین رکاوٹیں بنتے رہے اس دوران بعض سکیموں کے متاثرین کو پتہ چلا کہ ان سے واپس لی گئی اسناد مختلف ناموں سے دوبارہ جاری کر کے احاطہ جات لاکھوں روپے وصول کر کے فروخت کر دیئے گئے ، اس حوالے سے متاثرین نے تھک ہا ر کر سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے دور حکومت میں چیف منسٹرپٹیشن سیل سے رجوع کیا جس پر ڈائریکٹر پٹیشن سیل نے ڈپٹی کمشنر کو معاملات کی چھان بین اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لے کر عملدرآمد کی رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی ،مگر یہ بھی عمل بھی سیاست کی بھینٹ چڑ ھ گیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں