غیرقانونی سونا نکالنے والوں پر چھاپہ،سامان ضبط،مقدمہ درج
کالاباغ (نمائندہ دنیا) تھانہ کالاباغ اور محکمہ معدنیات نے مشترکہ کاروائی کے دوران غیر قانونی طور پر سونا نکالنے والوں پر چھاپہ مار کر ایکسویٹر مشین و دیگر سامان قبضہ میں لے لیا، 8 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او میانوالی کیپٹن ریٹائرڈ رائے محمد اجمل کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ کالاباغ سب انسپکٹر ملک احسان قادر اور ان کی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر مائنز اینڈ منرلز کے ہمراہ کالاباغ کے علاقہ کیکی، میرا اور ڈبکی دریائے سندھ کنارے میں غیر قانونی پلیسر گولڈ کی نکاسی کرنے والوں پر ریڈ کرکے ایک ایکسویٹر مشین و دیگر سامان نکاسی پلیسر گولڈ قبضہ میں لے کر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے 8 ملزمان تاج محمد، وحید گل، سفید گل، شہزاد، خطاب گل، یوسف، مبین، راشد ظہور کے خلاف تھانہ کالاباغ میں مقدمہ درج کر لیا۔محکمہ مائنز اینڈ منرلز پنجاب نے میڈیا کو اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کی کوئی ذاتی زمین بھی ہو اور اس میں سے معدنیات نکل آئیں تو حکومت کی اجازت کے بغیر نہیں نکالی جاسکتی اس کے لئے محکمہ مائنز اینڈ منرلز پنجاب سے باقاعدہ اجازت لی جاتی ہے ۔