چینی کی ذخیرہ اندوزی ، ناجائز منافع خوری برداشت نہیں،کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے واضح کیا ہے کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر چینی کی فراہمی کے لیے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مارکیٹ میں طلب کے مطابق وافر مقدار میں چینی کی دستیابی ہر ضلع کی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ،کیونکہ عوام کو مقررہ نرخوں پر چینی کی دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، یہ بات انہوں نے ڈویژن بھر میں چینی کی طلب و رسد اور قیمتوں کے تفصیلی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک افتخار علی جبکہ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ اور ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں چاروں اضلاع سے چینی کی سپلائی چین، شوگر ملوں سے فراہم کردہ مقدار، مارکیٹ میں طلب و رسد، اور ریٹیل پرائسز کی تفصیلی رپورٹس پیش کی گئیں۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ میں چینی کی دستیابی اور قیمتوں کی مانیٹرنگ کی جائے ، ناجائز ذخیرہ کرنے والے عناصر کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔