چینی کی سپلائی اور قیمتوں کی مانیٹرنگ کرنے،مارکیٹ میں مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کا حکم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے شوگر ملز انتظامیہ اور ہول سیلرز کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی بھر میں چینی کی قلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
عوام کو مقررہ نرخوں پر چینی کی فراہمی ہر حال میں یقینی بنائی جائے ۔ اس سلسلے میں اگر کسی بھی قسم کے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت پڑی تو ضلع انتظامیہ وہ تمام اقدامات کرے گی تاکہ کسی شہری کو مقررہ قیمت سے زائد پر چینی خریدنے پر مجبور نہ ہونا پڑے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مارکیٹ میں سپلائی اور قیمتوں کے نظام کو ہر صورت متوازن رکھا جائے گا اور کسی کو عوام کے بنیادی استعمال کی اس ضروری چیز کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ یہ ہدایات انہوں نے جمعہ کے روز اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں شوگر ملز انتظامیہ اور ہول سیلرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسر وں کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر چینی کی سپلائی اور قیمتوں کی مانیٹرنگ کی جائے ، مارکیٹ میں مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔