شاہ ٹاؤن اور صدیق کالونی کے مکینوں کا سہولیات نہ ملنے پر احتجاج

شاہ ٹاؤن اور صدیق کالونی کے مکینوں کا سہولیات نہ ملنے پر احتجاج

بھلوال (نمائندہ دنیا) شاہ ٹاؤن اور صدیق کالونی کے مکینوں نے سہولیات کی عدم دستیابی اور تعمیراتی کاموں کے نہ ہونے پر احتجاج کیا۔۔

 اہل علاقہ نے منتخب نمائندگان سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں اور ان علاقوں کے بنیادی مسائل حل کیے جائیں۔بھلوال کی کثیر آبادی والے علاقے شاہ ٹاؤن کے رہائشیوں نے تعمیراتی کاموں، صفائی اور سیوریج نظام کی خرابی پر ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی میں عمر فاروق، محمد محسن، شہراز، رضوان، محمد شہزاد، مولانا ارشد، عبید اللہ سمیت دیگر مکین شریک تھے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ سیاسی شخصیات نے ہر الیکشن میں وعدے کیے اور ووٹ لیے ، مگر شاہ ٹاؤن کی گلیوں، سڑکوں، نالیوں اور سیوریج نظام کی بہتری کے لیے آج تک کوئی کام نہیں کیا گیا۔ علاقے میں \\\"ستھرا پنجاب\\\" مہم کے تحت بھی صفائی کا کوئی بندوبست موجود نہیں۔ بارش کے دنوں میں علاقہ تالاب کا منظر پیش کرتا ہے اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوتے ہیں۔اسی موقع پر صدیق کالونی کے مکینوں نے بھی احتجاج میں شرکت کی اور بتایا کہ سیم نالے پر قائم پرانا پل جو پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا، اسے مرمت یا نیا بنانے کے بجائے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مظاہرین نے ایم این اے ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ، ایم پی اے چوہدری منصور اعظم سندھو اور اسسٹنٹ کمشنر بھلوال مدثر ممتاز ہرل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ان کے مسائل کا نوٹس لیں اور عملی اقدامات کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں