مدرسے کے قاری نے بچے کو زمین پر پٹخ کرکندھا توڑ دیا
شاہ پور (نمائندہ دنیا ) شاہ پور کی جامع مسجد میں قائم مدرسہ کے قاری نے گیارہ سالہ طالبعلم کوتشدد کا نشانہ بنا ڈالا ، کندھا توڑ دیا ، بچے کو خاموش رہنے کی دھمکیاں دیتا رہا۔۔۔
حالت غیر ہونے پر طالبعلم نے والدین کو قاری کے تشدد اور بازو میں ہونے والے درد کے بارے میں آگاہ کیا ،طالبعلم محمد رحمان کے والد محمد ممتاز سکنہ کوٹلہ سیداں نے اسے ڈاکٹر سے چیک کرایا جس نے کندھے کی ہڈی ٹوٹنے کا انکشاف کیا ، محمد ممتاز نے قاری محمد اویس کے خلاف پولیس تھانہ شاہ پور میں مقدمہ درج کروا دیا ، محمد ممتاز نے رپورٹ درج کرائی کہ اس کا بیٹا روزانہ مسجد نور میں پڑھنے جاتا ہے جہاں صبح نو دس بجے قاری محمد اویس نے لاتوں اور مکوں سے اس پر تشدد کیا اور زور سے زمین پر دے مارا جس سے اس کا کندھا ٹوٹ گیا ۔ شاہ پور کے سماجی حلقوں نے قاری کے بچے پر تشدد کرنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے ۔