کمشنر کا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے دفتر اور کنٹرول روم کا دورہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے دفتر اور کنٹرول روم کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر سی ای او رانا شاہد عمران نے ادارے کی مجموعی سرگرمیوں، کارکردگی، صفائی کے نظام اور آئندہ کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔سی ای او نے بتایا کہ شہر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ ناقص کارکردگی کے حامل ٹھیکیداروں پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ ادارے کی استعداد کار بڑھانے اور جدید مشینری کے استعمال کے لیے مستقبل کی منصوبہ بندی بھی زیر غور ہے ۔کمشنر جہانزیب اعوان نے شہر اور دیہی دونوں علاقوں میں صفائی کے نظام کو یکساں طور پر بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دیہی آبادی کو بھی ترجیحات میں شامل کیا جائے ۔ انہوں نے عملے کی حاضری، کوڑا کرکٹ اٹھانے کے نظام اور کنٹرول روم کی مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے کہا کہ صفائی کے عمل کو جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال اور عوامی شمولیت کو یقینی بنایا جائے ۔