ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ،2سکیموں کی منظوری

ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ،2سکیموں کی منظوری

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سرگودہا اور بھکر اضلاع کی ایک ایک ترقیاتی سکیم کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ضلع بھکر کی 14 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے نئے اے ڈی سی آر کمپلیکس، ڈی سی آفس کی تعمیر و مرمت اور اسٹاف بلاک کی تعمیر کی اسکیم منظور کی گئی۔ اے ڈی سی آر دفتر میں کورٹ روم، کمیٹی روم، انتظار گاہ اور دیگر افسران کے دفاتر شامل ہوں گے ، جب کہ ڈی سی کمپلیکس میں الائیڈ اسٹاف بلاک، ریکارڈ روم اور دیگر ضروری تعمیرات و مرمت بھی اسکیم کا حصہ ہیں۔ ورکنگ پارٹی نے سرگودہا شہر کے سٹی سنٹر گول چوک، کچہری بازار اور سٹی روڈ کی بیوٹیفکیشن اور تعمیر و مرمت کی اسکیم کی بھی منظوری دی گئی، جس کا تخمینہ تقریباً 40 کروڑ روپے لگایا گیا ہے ۔ اس منصوبے کے تحت سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن، سنٹرل میڈین کی خوبصورتی، کارپٹ سڑکیں، سٹریٹ لائٹس، یوٹیلیٹی ورکس، داخلی دروازوں کی تعمیر اور فساڈ وال بھی شامل ہیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایس ای ہائی ویز رانا عابد، ایس ڈی بلڈنگ امانت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین شریک ہوئے جبکہ ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔کمشنر جہانزیب اعوان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منظور شدہ منصوبوں پر بروقت اور معیاری کام یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچ سکیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں