پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو گرانفروشی پر کارروائی کا حکم

 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو گرانفروشی پر کارروائی کا حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ضلع بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرائس مجسٹریٹس کی ایک ہفتے کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔۔۔

 رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران پرائس مجسٹریٹس نے 21 ہزار 532 انسپکشنز کیے ، جن میں قیمتوں کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ 48 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ مزید برآں، غیر قانونی منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 ایف آئی آر درج کی گئیں، 3 دکانیں سیل کی گئیں اور 8 دکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ کسی کو بھی ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا معائنہ کریں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قیمتوں میں کسی بھی قسم کی بے قاعدگی کی اطلاع ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر دیں تاکہ مؤثر کارروائی کی جا سکے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں