جمعہ بازار میں ٹھیکیدار کی غنڈہ گردی ،دکانداروں کا احتجاج
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)شہر میں لگائے جانیوالے مرکزی جمعہ بازار میں ٹھیکیدار کے پہلے ہی روز غنڈہ گردی اور کئی گنا زائد پرچی کے خلاف محنت کش دوکانداروں نے کام چھوڑ کر احتجاج شروع کر دیا اور شدید نعرے بازی کی۔۔۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ کہیں پھٹہ ٹیکس جمعہ بازار کے نام پر لوٹا جا رہا ہے تو کہیں روٹ پرچی ،شہر میں داخل ہونے کی پرچی ،شہر سے باہر جانے کی پرچی ہر طرف چند ٹھیکیدار ہاتھوں میں پرچیاں اور ڈنڈا لئے بھتہ کی طرز پر یہ کہہ کر من چاہے پیسے وصول کر رہے ہیں ہم نے کروڑوں روپے دے کر ٹھیکہ لیا ہے ایک طرف حکومت اربوں کے پراجیکٹ لگا رہی ہے اور دعویٰ یہ ہے کہ عوامی فلاح اور سہولت کے لئے ہے ،دوسری جانب چند کروڑ کے عوض پر چند بااثر افراد کو اربوں روپے غریب مجبورافراد سے زبردستی وصول کرنے اور غنڈہ گردی کا لائسنس دے دیا ہے ،ہر طرف ریڑھیاں اور جگہوں سے اٹھوا دیا گیا اب صرف یہ جمعہ بازار ہی بچا تھا جہاں پہلے ایک سو روپے سے تین سو روپے تک پرچی تھی مگر اب اچانک 15سو روپے کر دی گئی ، انہوں نے حکومتی ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔