کارپوریشن کے 100ملازم واسا کے حوالے کرنیکا فیصلہ

کارپوریشن کے  100ملازم واسا کے حوالے کرنیکا فیصلہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)واسا سرگودہا کو 15 اگست سے باضابطہ فعال کرنے کے لیے کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ضلعی ٹرانزیکشن ٹیم کا روزانہ اجلاس جاری ہے۔

 جس میں میو نسپل کارپوریشن سرگودہا سے واسا کو اثاثہ جات، مشینری اور فیلڈ اسٹاف کی منتقلی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔ جمعہ کے روز ہونے والے جلاس میں بتایا گیا کہ ایم سی کے واٹر سپلائی کے عملے میں سے سو کے قریب فیلڈ سٹاف کو واسا کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد واسا سرگودہا کا بنیادی فیلڈ اسٹرکچر مکمل ہو جائے گا۔ واسا کو گاڑیوں کی حوالگی کا عمل بھی کل تک مکمل کر لیا جائے گا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ واسا کو مکمل فعال ہونے تک ایم سی کی جانب سے تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔ سیوریج و واٹر سپلائی کے بلوں کی وصولی، ٹرانسفر ڈیڈ اور دیگر قانونی و انتظامی معاملات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے اس موقع پر کہا کہ میونسپل کارپوریشن سے سیوریج اور واٹر سپلائی کا شعبہ واسا کے حوالے ہونے کے بعد اب ایم سی دیگر امور پر بھرپور توجہ دے اور شہری سہولیات میں بہتری لائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معمولی مرمت کی حامل مشینری کو فوری درست کر کے واسا کے حوالے کیا جائے تاکہ ادارہ اپنے فرائض موثر انداز میں ادا کر سکے ۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق پایا کہ واسا سرگودہا کا افتتاح 12 اگست کو کوئین چوک پر واقع واسا کے عارضی دفتر میں کیا جائے ، جبکہ واسا 15 اگست سے شہریوں کو سروسز کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کرے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں