خستہ حال کمرشل و رہائشی عمارتیں نہ گرانے والے مالکان کیخلاف مقدمات

 خستہ حال کمرشل و رہائشی عمارتیں نہ گرانے والے مالکان کیخلاف مقدمات

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر ٹیکنکل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سرگودھا سمیت مختلف اضلاع میں خطرناک بلڈنگز کے۔۔

 حوالے سے حکومتی گائیڈ لائن پر عملدرآمد کی رپورٹ ارسال کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تفصیلات طلب کر لیں، ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے انتظامی و بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو حکم دیا تھا کہ قدرتی آفات بالخصوص رواں مون سون کے پیش نظر سرکاری ، پرائیویٹ و دیگر کمرشل و رہائشی عمارتیں جو کہ پرانی ہونے کی وجہ سے خستہ حال ہیں کو از خود نہ گرانے والے مالکان کے خلاف مقدمات کا اندراج کیاجائے ۔ ان احکامات کی روشنی میں متعلقہ محکموں نے درجنوں ایسے مالکان کو نہ صرف نوٹس جاری کئے بلکہ متعدد کے خلاف نوٹس کی مدت پوری ہونے پر مقدمات کے لئے تھانوں کو استغاثے بھی بھجوائے گئے ۔ ذرائع کے مطابق متعدد بااثر مالکان نے عملدرآمد نہ ہونے دیا اور نہ ہی حکومت کو رپورٹ ارسال کی جا سکی،جس کی وجہ سے تاحال نہ گرائی جانے والی یہ عمارتیں متعلقہ قرب و جوار کے رہائشیوں کیلئے بدستور خطرات بنی ہوئی ہیں دوسری جانب گزشتہ روز ڈائریکٹر ٹیکنکل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اس ضمن میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی افسر وں کو جلد از جلد عملدرآمد کروا کر رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں