ایم سی کے 331 ملازمین کو واسا میں ضم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا

 ایم سی کے 331 ملازمین کو واسا میں ضم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا

سرگودھا (اسٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ضلعی ٹرانزیکشن کمیٹی کا ساتواں اجلاس ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔۔

، جس میں میونسپل کارپوریشن کے سیور اور واٹر سپلائی کے عملے ، مشینری اور گاڑیوں کی واسا سرگودھا کو منتقلی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایم سی کے 331 ملازمین کو واسا میں ضم کیا جا رہا ہے ، جن میں واٹر سپلائی کے 83، ڈسپوزل کے 23 اور سیوریج کے 230 ملازمین شامل ہیں۔ سیوریج عملے میں 120 ریگولر اور 110 ورک چارج ملازمین شامل ہوں گے ۔ اسی طرح 5 سکری مشینیں، ایک جیٹر مشین، چار وینچنگ مشینیں، آٹھ ڈی واٹرنگ سیٹ اور دو پک اپ گاڑیاں بھی واسا کو منتقل کی جائیں گی۔ اس حوالے سے تحریری معاہدہ 12 اگست کو ہوگا۔کمیٹی کو مزید آگاہ کیا گیا کہ واسا سرگودھا میں آئی ٹی، شکایات سیل اور دیگر دفتری عملے کی بھرتی بھی کی جائے گی، جبکہ واسا 15 اگست سے باضابطہ طور پر کام شروع کر دے گا۔کمشنر جہانزیب اعوان نے بتایا کہ واسا اور ایم سی کے مابین ٹرانزیکشن کے تمام معاملات احسن انداز میں طے پا گئے ہیں، جو ایک خوش آئند پیشرفت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واسا سرگودھا کا قیام شہری سہولیات کی بہتری کی جانب حکومتِ پنجاب کا ایک اہم اور مثبت اقدام ہے ، جس سے نکاسی آب، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور شہری انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران اور میونسپل کارپوریشن کے افسران نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں