جعلی دودھ کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، تلف کر دیا گیا
بھیرہ (نامہ نگار)فوڈ اتھارٹی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں جعلی دودھ سے بھری ایک گاڑی پکڑی گئی، جس میں موجود مضر صحت دودھ کو موقع پر تلف کر دیا گیا۔
کارروائی فوڈ سیفٹی آفیسر صائمہ اکرم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ میانی روڈ، چھانٹ سٹاپ پر کی، گاڑی نمبر AER-472 کو چیک کیا گیا، جس میں کیمیکل سے تیار کردہ جعلی دودھ برآمد ہوا۔ صائمہ اکرم کے مطابق یہ دودھ نہ صرف معدے اور سانس کی بیماریوں بلکہ کینسر کا سبب بھی بن سکتا تھا۔ملزمان بشیر احمد اور نصیر احمد کے خلاف پہلے بھی مقدمہ درج ہو چکا ہے ، جبکہ اس بار گاڑی کے ساتھ ساتھ ملزمان نعمان حسن اور محمد یعقوب کے خلاف بھی مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ فوڈ سیفٹی آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی کہ ملاوٹ شدہ اشیاء کے بارے میں کسی بھی اطلاع پر فوراً ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔