چار قصابوں سے ناقص اور مضرِ صحت گوشت برآمد

چار قصابوں سے ناقص اور مضرِ صحت گوشت برآمد

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سرگودھا ڈاکٹر تنویر اشرف کلیار، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد اقبال اور سلاٹر ہاؤس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عرفان ظہیر نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ کریک ڈاؤن کرتے ہوئے۔۔۔

 چار قصابوں سے ناقص، غیر معیاری اور مضرِ صحت گوشت برآمد کرلیا جسے موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ چار ایف آئی آرز درج کروا دی گئیں۔ اس طرح بھلوال میں ڈاکٹر طیب نے بھی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں مضرِ صحت گوشت برآمد کر کے دو ایف آئی آرز درج کروائیں۔ جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی شہباز بابر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر تنویر اشرف کلیار نے ضلع سرگودھا کے تمام مذبح خانوں پر اچانک چھاپے مارے اور گوشت کا معیار چیک کیا۔ اس موقع پر حکام نے کہا کہ مضرِ صحت گوشت فروخت کرنے والے عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ مزید یہ کہ ایسی کارروائیاں دودھ، گوشت، مرغیوں کے باقیات سے تیار کی جانے والی چربی اور دیگر بائی پروڈکٹس کے خلاف بھی جاری رہیں گی۔ کریک ڈاؤن کا دائرہ کار ڈویژن کی سطح تک بڑھایا جائے گا، اور ڈیری فارمز، پولٹری فارمز اور خوراک کے دیگر ذرائع پر بھی کڑی نگرانی کی جائے گی تاکہ عوام کو عالمی صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے تحت کسی بھی شخص کو عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں