اثاثہ جات اور فیلڈ سٹاف کی منتقلی مکمل: واسا اور میونسپل کارپوریشن میں آج معاہدہ

 اثاثہ جات اور فیلڈ سٹاف کی منتقلی مکمل: واسا اور میونسپل کارپوریشن میں آج معاہدہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ہفتہ وار اجلاس ان کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں ڈویژن و ضلعی سطح کے متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور دیے گئے اہداف پر عملدرآمد کی ایک ہفتے کی رپورٹ پیش کی۔

اجلاس میں واسا حکام نے آگاہ کیا کہ میونسپل کارپوریشن سے اثاثہ جات اور فیلڈ اسٹاف کی منتقلی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے ۔ میونسپل کارپوریشن اور واسا کے مابین باضابطہ تحریری معاہدہ آج طے پا جائے گا اور واسا دفتر کا افتتاح عمل میں لایا جائے گا۔ واسا کا فیلڈ اسٹاف 15 اگست سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گا۔اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا نے غالب لائبریری کی اپ گریڈیشن، شہر میں چینی کی سپلائی کو یقینی بنانے ، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف جاری کارروائیوں او ر یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بتایا گیا کہ آج سے شہر میں یوم آزادی کے سلسلے میں تین فلوٹس (floats) عوامی مقامات پر متحرک ہوں گے ۔ ایم او آر نے شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری اقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ کمشنر سرگودھا نے ضلع انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ شہر میں ٹریفک سگنلز کی بحالی کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے سیکرٹری آر ٹی اے نے ٹرانسپورٹ اڈوں کی شہر سے باہر منتقلی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ مزید بتایا کہ الیکٹرک بسوں کے اجرا کا منصوبہ ستمبر کے بجائے اسی ماہ متوقع ہے ۔ایکسین ہائی ویز نے بتایا کہ خوشاب روڈ پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے پیدل پل (Pedestrian Flyover) کی بحالی کا کام شروع کیا جا رہا ہے ، جس کے لیے فنڈز موصول ہو چکے ہیں۔ ڈی جی پی ایچ اے نے علی پارک، اقبال کالونی پارک اور کمشنر کالونی پارک کی بحالی میں گزشتہ ہفتے کے دوران ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں