شاپنگ بیگز کے استعمال پر عائد پابندی ہوا میں اڑا دی گئی، محکمہ تحفظ ماحولیات خاموش
شاپنگ بیگ فروخت کرنے والوں کو صرف نوٹسز کا اجراء معمول ،عملدرآمد گزشتہ ڈیڑھ سال سے التواء کا شکار ،چوتھی مرتبہ نوٹسز کا اجرا ء،7روز بعد دکانیں سیل کرنے کی وارننگ دیدی گئی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی جانب سے شاپنگ بیگز کے استعمال پر عائد پابندی پر عمل درآمد کاغذی کاروائی تک محدود اورمحکمہ تحفظ ماحولیات نے شاپنگ بیگ فروخت کرنے والوں کو صرف نوٹسز کے اجراء کا معمول بنا رکھا ہے جبکہ عملدرآمد گزشتہ ڈیڑھ سال سے التواء کا شکار ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلی انتظامیہ جب کبھی میٹنگ میں اس حوالے سے عملدرآمد کے اعلانات کرتی ہے تو تحفظ ماحولیات افسران نوٹسز جاری کر دیتے ہیں، ہر مرتبہ اسی طرح ظاہر کیا جاتا ہے کہ انتظامیہ نے کریک ڈاؤن کیلئے لنگوٹ کس لئے ، مگر عملی طور پر کچھ نہیں کیا جاتا،گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران 3مرتبہ نوٹسز جاری کئے جا چکے ہیں اورچند روز قبل چوتھی مرتبہ شاپنگ بیگز کا کاروبار کرنے والوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے انہیں سات روز تک پابندی پر عمل درآمد کرنے کے لئے سابقہ ہدایات دہرائی گئی ہیں کہ سات دن کے بعد ان کی دکانیں سیل کر دی جائیں گی اور ان کا مال ضبط کر کے ری سیٹنگ کے لئے بھیج دیا جائے گا۔ دکانداروں کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے ۔ حکومت کی جانب سے شاپنگ بیگ کے استعمال پر عائد پابندی پر عملدرآمد کی متذکرہ صورت حال حیرت انگیز اور باعث تشویش ہے ۔ شہریوں نے شاپنگ بیگ کے متعلق لگائی پابندی پر عملدرآمد کیلئے ارباب اختیا ر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔