ستھرا پنجاب پروگرام پر سخت ایکشن،افسروں کی برطرفی کے احکامات،کمشنر کا اچانک دوروں کا اعلان

ستھرا پنجاب پروگرام پر سخت ایکشن،افسروں کی برطرفی کے احکامات،کمشنر کا اچانک دوروں کا اعلان

کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، کسی بھی یونین کونسل میں صفائی کی صورت حال خراب پائی گئی تو یو سی مانیٹر کو فوری فارغ کر دیا جائے گا:کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ستھرا پنجاب پروگرام پر سخت ایکشن کا اعلان کرتے ہوئے اچانک دوروں کا شیڈول جاری کیا اور غفلت برتنے والے افسران کی برطرفی کے احکامات جاری کر دئیے ۔کمشنر جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ضلع سرگودھا میں ایس ڈبلیو ایم سی کے ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) وسیم، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیل منیجرز اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔

کمشنر نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے سے وہ خود شہری اور دیہی علاقوں کے اچانک دورے کریں گے اور ستھرا پنجاب پروگرام کی سرگرمیوں کا موقع پر جائزہ لیں گے ۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کسی یونین کونسل میں صفائی کی صورت حال خراب پائی گئی تو یو سی مانیٹر کو فوری فارغ کر دیا جائے گا، جبکہ زیادہ شکایات کی صورت میں تحصیل منیجر کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔کمشنر نے مزید کہا کہ ایس ڈبلیو ایم سی کو ضلعی بنیادوں پر نئے ماڈل کے تحت منتقل کرنے کا ٹرانزیشن پراسس جاری ہے ، مگر اس کے ساتھ ساتھ مانیٹرنگ اور فیلڈ میں عملی کارکردگی کا جائزہ بھی نہایت ضروری ہے ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام شہری اور دیہی علاقے روزانہ کی بنیاد پر صاف ہونے چاہئیں، ٹرانزیشن شفاف انداز میں مکمل کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں