فیصل شہزاد چیمہ کی خدمات قابلِ تحسین، ڈپٹی کمشنر محمد وسیم
کوٹ مومن (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن فیصل شہزاد چیمہ کے۔۔۔
تبادلے کے موقع پر الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے فیصل شہزاد چیمہ کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دورانِ تعیناتی ذمہ داری، دیانت داری اور محنت سے فرائض سرانجام دئیے اور عوامی خدمت کو ہمیشہ ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیزن میں کوٹ مومن کے بعض علاقوں کو شدید سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ جس میں اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مؤثر رابطہ اور کوآرڈی نیشن کے ذریعے دن رات کام کیا۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق فیصل شہزاد چیمہ نے بروقت ریسکیو آپریشنز، متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف کی فراہمی اور شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنایا۔ بعد ازاں بحالی کے اقدامات، نقصانات کے سروے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے اعلان کردہ امدادی پیکیج کی شفاف تقسیم میں بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا، جس سے متاثرہ خاندانوں کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکی۔انہوں نے مزید کہا کہ فیصل شہزاد چیمہ نے ریونیو امور کی بہتری، سرکاری اہداف کے حصول اور دیگر انتظامی اقدامات میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انہیں سونپی گئی ہر ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھایا۔