فاطمہ جناح روڈ اوور ہیڈ برج کے اطراف کی سڑکیں بند
اسلا پورہ ریلوے پھاٹک کی بندش کے دوران گاڑیاں قطار میں پھنس جاتی ہیں
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)فاطمہ جناح روڈ اوور ہیڈ برج کی تعمیر کے وقت نقشے کے مطابق دونوں اطراف سڑکیں بنائی گئی تھیں، مگر پختہ اور عارضی تجاوزات کے باعث ایک سڑک مکمل طور پر بند ہو گئی ہے ، جس کی وجہ سے ٹریفک کا دباؤ ملحقہ آبادیوں کی سڑکوں پر بڑھتا جا رہا ہے ۔خصوصاً اسلا پورہ ریلوے پھاٹک کی بندش کے دوران گاڑیاں لمبے وقت تک قطار میں پھنس جاتی ہیں، جبکہ تجاوزات اور بڑھتا ہوا ٹریفک دباؤ حادثات کے بڑھنے کا سبب بھی بن رہا ہے ۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دونوں راستے بحال کرنے کی تجویز ٹریفک حکام نے سول ایڈمنسٹریشن کو بھجوا دی ہے ، لیکن مبینہ سیاسی دباؤ کے باعث اس پر عملدرآمد التوا کا شکار ہے ۔ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ پل کے نقشے کے مطابق دونوں اطراف کی سڑکیں تجاوزات کا خاتمہ کر کے فوری طور پر بحال کی جائیں تاکہ ٹریفک روانی اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے ۔