جوہر آباد:پختون چوکیدار کے قتل کا معمہ حل، ملزم گرفتار
مقتول چوکیدار عزت خان کی لاش خالی پلاٹ سے برآمد ہو ئی تھی
خوشاب (نمائندہ دُنیا )جوہر آباد کے نواحی علاقہ آصف ٹاؤن میں رات کی تاریکی میں ہونے والے پختون چوکیدار کے پراسرار قتل کا معمہ حل ہو گیا۔ ایس ایچ او سٹی ملک صمد ورک اور سی سی ڈی آفیسر رانا مجاہد خورشید نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے قاتل کو ٹریس کر کے قانون کی گرفت میں لے لیا۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف دفعہ 302 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ، تاہم قتل کے محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے۔
واضح رہے کہ مقتول چوکیدار عزت خان ولد فرمان خان آصف ٹاؤن میں معمول کے مطابق رات کی ڈیوٹی پر موجود تھا۔صبح اس کی لاش کھلے آسمان تلے ایک خالی پلاٹ سے برآمد ہوئی تھی۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ رات کے وقت چوروں یا ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بنا، تاہم پولیس نے نہایت باریک بینی سے تحقیقات کرتے ہوئے حقائق سامنے لائے اور قتل کا سراغ لگا لیا۔