چادر موٹر سائیکل میں پھنسنے کے واقعات تشویشناک ایمرجنسی آفیسر

چادر موٹر سائیکل میں پھنسنے کے واقعات تشویشناک ایمرجنسی آفیسر

قیمتی جانیں ضائع اور کئی افراد معذور ہو چکے ، احتیاطی تدابیر کو معمول بنانے کی ہدایت

کمرمشانی (نمائندہ دُنیا) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میانوالی انجینئر نوید اقبال نے کہا ہے کہ چادر اور برقعہ موٹر سائیکل کے ویل اور چین میں پھنسنے کے باعث پیش آنے والے حادثات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے ، جس سے قیمتی جانیں ضائع اور کئی افراد معذور ہو چکے ہیں۔شہریوں کے نام خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ریسکیو ریکارڈ کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا ہے کہ رواں سال درجنوں حادثات صرف اس وجہ سے پیش آئے کہ دورانِ سفر چادر یا برقعہ موٹر سائیکل کے ویل یا چین میں پھنس گیا۔

ذرا سی لاپروائی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے موٹر سائیکل سواروں کو ہدایت کی کہ دورانِ سفر جیکٹ اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں، موٹر سائیکل کے چین کور کو درست حالت میں رکھیں اور رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رکھیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر کو معمول کا حصہ بنائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں