بھل صفائی آپریشن ، مانیٹرنگ کیلئے کمیٹیاں فعال
سرگودھا زون کی 17 بڑی نہروں سے لاکھ کیوبک فٹ سے زائد بھل نکالنے کا پروگرام مرتب ،کل 3 مراحل ہو نگے ، پانی چوری میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی جائیگی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)صوبائی حکومت نے سرگودھا زون میں سالانہ بھل صفائی کے تمام آپریشن کو مؤثر انداز میں مانیٹر کرنے کے لیے ڈویژن اور ضلع کی سطح پر قائم کمیٹیوں کو فوری طور پر فعال کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ذرائع کے مطابق سرگودھا زون کی 17 بڑی نہروں کی مجموعی لمبائی 664 میل ہے ، جبکہ 398 راجباہوں اور کھالوں کی کل لمبائی 2578 میل بنتی ہے۔ ان نہروں اور راجباہوں سے مجموعی طور پر 7 لاکھ کیوبک فٹ سے زائد بھل نکالنے کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے ، جو تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔
بھل صفائی کے اس آپریشن کی نگرانی کیلئے ڈویژن اور ضلع کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ اس تمام عمل کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ اور آڈٹ بھی کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت نے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ بھل صفائی کے دوران نہروں، راجباہوں اور نالوں کے خراب کناروں کی مرمت، پانی چوری میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔اس کے علاوہ نہروں اور راجباہوں میں موجود دیگر نقائص کو بھی دور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، جبکہ ناقص عملدرآمد کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے ۔