بھلوال سے شاہ نکڈر تک نالے سے قریبی آبادیاں متاثر
بھلوال سے شاہ نکڈر تک نالے سے قریبی آبادیاں متاثر حالیہ بھل صفائی مہم میں نالے کی صفائی کیلئے اقدامات سامنے نہ آ سکے ملز کے کیمیکل سے نالے میں مچھلیاں مر گئیں،مچھیروں کا روزگار تباہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ضلع میں بھلوال سے شاہ نکڈر تک 70 کلو میٹر طویل سیم نالہ اطراف کے علاقوں اور آبادیوں کو شدید متاثر کر رہاہے اورحالیہ بھل صفائی کے حوالے سے اس سیم نالے کی صفائی کیلئے تاحال کسی قسم کے اقدامات سامنے نہیں آ سکے جبکہ صورتحال بالخصوص کاشتکاروں کے لئے وبال جان بن چکی ہے ’ 1941ء میں سیم و تھور کا خاتمہ کر کے زمینوں کو کارآمد بنانے کیلئے یہ نالہ بچھایا گیا جس سے زمینوں کو فائدہ بھی ہوا مگر گزشتہ دو دہائیوں سے اس سیم نالے کی مکمل طور پر صفائی نہ ہو سکی سیم نالہ میں کاہو’ سرکنڈوں اور دیگر نباتات سے پانی کی نکاسی بالکل بند ہو کر رہ گئی ہے ’ اس پر مزید ظلم یہ بھی ہوا کہ کئی شوگر اور کیمیکل ملوں نے زہریلے فضلہ جات والا پانی اس سیم نالہ میں پھینکنا شروع کر دیا جس کی وجہ سے سیم میں موجود حشرات العرض بالخصوص مچھلیاں مر گئیں مچھیروں کی روٹی روزی بھی بند ہو گئی’ سیم نالے کی روانی ختم ہونے سے ہزاروں ایکڑ رقبہ جن پر باغات اور گندم کاشت ہے بھی ناقابل کاشت ہوتا جا رہا ہے۔
،اب تک سیم و تھور نے کم و بیش 30 ہزار سے زائد ایکڑ رقبے کو متاثر کیا ہے ’ جس سے کسانوں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے ۔