شفاف پالیسی مانیٹرنگ نظام مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 1ارب 9کروڑ کی ٹیکس ریکوری
ششماہی ریکوری میں ضلع سرگودھا کی نمایاں برتری ، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے مجموعی سالانہ ٹارگٹ کا 61 فیصد حاصل کر لیا ،ڈائریکٹر ایکسائز، آئندہ مہینوں میں اہداف سے تجاوز کرنے کی توقع
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب سرگودھا ڈویژن نے مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران 1 ارب 9 کروڑ روپے سے زائد ٹیکس ریکوری کر کے مجموعی سالانہ ٹارگٹ کا 61 فیصد حاصل کر لیا ہے ،ڈائریکٹر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب سرگودھا ڈویژن محمد علی نوید نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے پہلے چھ ماہ (یکم جولائی تا 31 دسمبر) کے دوران مختلف ٹیکسوں کی مد میں مجموعی طور پر ایک ارب 9 کروڑ 48 لاکھ 61 ہزار 34 روپے کی ریکوری کی گئی، جو محکمہ کی مؤثر حکمتِ عملی اور فیلڈ عملے کی بھرپور کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ششماہی ریکوری میں ضلع سرگودھا نے نمایاں برتری حاصل کی، جہاں سے 64 کروڑ 48 لاکھ 81 ہزار 166 روپے جمع کیے گئے ۔اسی طرح ضلع خوشاب سے 20 کروڑ 28 لاکھ 44 ہزار 116 روپے ، ضلع میانوالی سے 13 کروڑ ایک لاکھ 61 ہزار 440 روپے جبکہ ضلع بھکر سے 12 کروڑ 9 لاکھ 74 ہزار 312 روپے کی ریکوری کی گئی۔ ڈائریکٹر ایکسائز کے مطابق پراپرٹی ٹیکس کی مد میں سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سے مجموعی طور پر 36 کروڑ 69 لاکھ 30 ہزار 631 روپے جمع کیے گئے ،اسی طرح موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں چاروں اضلاع سے مجموعی طور پر 66 کروڑ 8 لاکھ 56 ہزار 969 روپے وصول کیے گئے ، ڈائریکٹر ایکسائز کا کہنا تھا کہ شفاف پالیسی، جدید مانیٹرنگ نظام اور فیلڈ افسران کی مسلسل محنت کے باعث ٹیکس ریکوری میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ جبکہ آئندہ مہینوں میں مقررہ اہداف سے تجاوز کرنے کی توقع بھی ظاہر کی جا رہی ہے ،